Owais Razvi Qadri Siddiqui
Sufi Singer

درود پا ک پڑھنے والی مکھی کا واقعہ

1,076

ایک دن آقا ئے دو جہاں صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم اسلامی لشکر کے ساتھ جہاد کے لئے تشریف لے جا رہے تھے را ستے میں ایک جگہ پڑاو کیا اور حکم دیا کہ یہیں پر جو کچھ کھانا ہے کھالو ۔

جب کھانا کھانے لگے تو صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کی یا رسول اللہ ﷺ!روٹی کے ساتھ سالن نہیں ہے پھر صحابہ نے دیکھا کہ ایک شہد کی مکھی ہے اور بڑے زور زور سے بھنبھناتی ہے عرض کیا
یا رسول ﷺ! یہ مکھی کیوں شور مچاتی ہے؟
فرمایا یہ کہہ رہی ہے کہ مکھیاں بے قرار ہیں اس وجہ سے کہ صحابہ کرام کے پاس سالن نہیں ہے حالانکہ یہاں قریب ہی غار میں ہم نے شہد کا چھتہ لگایا ہوا ہے وہ کو ن لائے کیوں کہ ہم تو اسے لا نہیں سکتیں۔

پھر فرمایا :پیارے علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس مکھی کے پیچھے پیچھے جاؤ اور شہد لے آؤ چنانچہ حضرت حیدر کرار رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک چوبی پیالہ پکڑ کر اس کے پیچھے ہو لیے وہ مکھی آگے آگے اس غار میں پہنچ گئی اور آپ نے وہاں جاکر شہد صاف مصفا نچوڑلیا اور دربار رسالت ﷺ میں حاضر ہوگئے.
سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے وہ شہد تقسیم فرما دیا :جب صحابہ کرام کھانا کھانے لگے تو مکھی پھر آگئی اور بھنبھنانا شروع کر دیا ۔
صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کی یا رسول اللہ !ﷺ مکھی پھر اسی طرح شور کر رہی ہے تو فرمایا میں نے اس سے ایک سوال کیا ہے اور یہ اس کا جواب دے رہی ہے میں نے اس سے پوچھا ہے کہ تمہاری خوراک کیا ہے ؟
مکھی کہتی ہے کہ پہاڑوں اور بیانوں میں جو پھول ہوتے ہیں وہ ہماری خوراک ہے۔
میں نے پو چھا پھول تو کڑوے بھی ہو تے ہیں پھیکے بھی بد مزہ بھی ہوتے ہیں تو تیرے منہ میں جا کر نہایت شیریں اور صاف شہد کیسے بن جاتا ہے ۔
تو مکھی نے جواب دیا یا رسول اللہ ﷺ ہمارا ایک امیر اور سردار ہے جب ہم پھولوں کا رس چوستی ہیں تو ہمارا امیر آپ ﷺکی ذات مقدسہ پر درود پاک پڑھنا شروع کرتا ہے
اور ہم بھی اس کے ساتھ مل کر درود پاک پڑھتی ہیں تو وہ بد مزہ اور کڑوے پھولوں کا رس درود پاک کی برکت سے میٹھا ہوجاتا ہے اور اسی کی برکت و رحمت کی وجہ سے وہ شہد شفا بن جاتا ہے ۔
(مقاصد السا لکین ص۵۳)

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًاo (الاحزاب، 33 : 56)

ترجمہ: بیشک اللہ اور اس کے (سب) فرشتے ( نبیِ مکرمّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر درود بھیجتے رہتے ہیں، اے ایمان والو! تم ( نبیِ مکرمّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) پر درود بھیجا کرو اور خوب سلام بھیجا کرو۔
بحوالہ/ آبِ کوثر/مصنف مفتی محمد امین غفرلہ…

Comments
Loading...